حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی تحریک پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ ملیکة العرب، ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری ؑ نے خواتین میں سب سے پہلے خالق کائنات کے دین اسلام پر عمل پیرا ہوکر اور تصدیق رسالت کرکے ایک دانشمند خاتون ہونے کا ثبوت دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرجانی زون غربی کراچی میں اسلام و سیرت جناب خدیجتہ الکبریٰ کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب صدر سید حسنین مہدی رضوی، ڈویژنل صدر کراچی علامہ کامران حیدر عابدی، ضلعی صدر غربی سید رضوان زیدی، جے ایس او سندھ کے آرگنائزر سید آذان کاظمی، ڈویژنل صدر میرپور خاص ڈاکٹر وجاہت پہلوانی، ڈویژنل آرگنائزر کراچی سید محسن واسطی اسٹیج پر موجود تھے۔
علامہ اسد اقبال زیدی کا کہنا تھا کہ حضرت خدیجۃ الکبری ؑ کے ایک ممتاز تاجر، ثروت مند اور مالدار شخصیت کے طور پر رسالت کی اقتصادی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لئے اقدامات ان کی زیرکی کی بہت بڑی دلیل ہے، اپنے اس عمل اور اپنے جذبہ صادق سے اسلام کی بنیادیں استوار کیں، آپؑ نے اپنے پاکیزہ مال سے نبوت کو ایسا سہارا عطا کیا، جس کے بعد اسلام کو اطراف و اکناف عالم میں پھیلنے کا موقع ملا۔
آخر میں انکا کہنا تھا کہ حضرت خدیجہؑ کی پاکیزگی اور عظمت کا یہ عالم تھا کہ وہ صرف پیغمبر اکرم (ص) کی شریکہ حیات بنیں اور جب تک زندہ تھیں، تنہا ام المومنین اور پیغمبر کی شریکہ حیات تھیں۔